خیبرپختونخوا میں لینڈ ریکارڈ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، ای فرد پورٹل کا اجراء
.
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں لینڈ ریکارڈ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلے میں ای فرد پورٹل اور ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک نظام کا اجراء کردیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات کا مقصد شہریوں کو زمین سے متعلق خدمات آسان، شفاف اور تیز رفتاری سے ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کو فرد کے حصول کے لیے بار بار ریونیو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ وہ گھر بیٹھے یا قریبی مرکز سے فرد حاصل کرسکیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای فرد پورٹل کے ذریعے شہری نادرا ای سہولت مراکز، سرکاری ویب سائٹ کے سیلف سروس پورٹل اور دستک ایپ کے ذریعے فرد حاصل کرسکیں گے۔ صرف بائیومیٹرک تصدیق شدہ صارفین ہی ای فرد ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے، جبکہ فیس ون لنک اور ایزی پیسہ کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جمع ہوگی۔
فرد شہری کے اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی اور اسے ضرورت کے وقت دوبارہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا، جبکہ فرد پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے مرکزی اراضی ریکارڈ سے اس کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک نظام کے تحت ریونیو خدمات حاصل کرنے والے شہریوں سے بے ترتیب بنیادوں پر ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی رائے حاصل کی جائے گی۔ غیر مطمئن شہریوں کی شکایات براہ راست متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ڈیش بورڈ پر ظاہر ہوں گی، جس سے ریونیو خدمات میں تاخیر اور ناقص کارکردگی کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات سے زمین سے متعلق شکایات میں کمی آئے گی جبکہ لینڈ ریکارڈ نظام میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل اصلاحات کے اجراء میں کردار ادا کرنے والے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔