The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 30 September 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

بی آر ٹی کی توسیع، نئی ہائبرڈ اور خواتین کے لیےپنک بس سروس کا افتتاح، خواتین کے لیے کرایہ 25 فیصد کم: سہیل آفریدی

Chitral Times

بی آر ٹی کی توسیع، نئی ہائبرڈ اور خواتین کے لیےپنک بس سروس کا افتتاح، خواتین کے لیے کرایہ 25 فیصد کم: سہیل آفریدی

بی آر ٹی کی توسیع، نئی ہائبرڈ اور خواتین کے لیےپنک بس سروس کا افتتاح، خواتین کے لیے کرایہ 25 فیصد کم: سہیل آفریدی

بی آر ٹی کی توسیع، نئی ہائبرڈ اور خواتین کے لیےپنک بس سروس کا افتتاح، خواتین کے لیے کرایہ 25 فیصد کم: سہیل آفریدی

.
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروسز کی توسیع اور بہتری کے اقدامات کے تحت نئی ہائبرڈ بسوں، خواتین کے لیے پنک بس سروس، چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن اور نئے قائم کیے گئے مال آف حیات آباد ڈپو کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

مال آف حیات آباد ڈپو میں منعقدہ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ انہوں نے صوبے کی خواتین کے لیے پنک بسیں چلانے کا وعدہ کیا تھا اور آج پنک بسیں سڑکوں پر موجود ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنک بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کے لیے کرایہ دیگر بسوں کے مقابلے میں 25 فیصد کم ہوگا۔

انہوں نے پنک بسوں کی خواتین ڈرائیورز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری خواتین کے لیے بھی رول ماڈل ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جو لوگ خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشت گرد کہتے ہیں، وہ آج دیکھیں کہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ پختون معاشرہ ہے، خواتین اور بزرگوں کا احترام کرنا، بچوں پر شفقت کرنا اور حب الوطنی ہمارے خون میں شامل ہے۔ انہوں نے مسلط شدہ حکومتوں کے خواتین کے ساتھ نامناسب رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گھروں اور خواتین کی حرمت پامال کرنے کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔ ہم مینڈیٹ چوروں کی طرح چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال نہیں ہونے دیتے بلکہ ہم ان کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر بیٹھ کر خیبرپختونخوا کو دہشت گردی سے جوڑنے والے تین مسخرے ہماری پولیس، فوج اور سول شہداء کا مذاق اڑا رہے ہیں، جو قابل مذمت ہے۔

4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ مارچ، ان شاء اللہ، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ ہوگا۔ میں کسی دھمکی یا خوف سے اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ہمارا مقصد حقیقی آزادی ہے، کرسی نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنہیں عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے اقتدار میں لایا گیا، انہیں دھمکیاں دیں، ہمیں نہیں۔ ہم دھمکیوں، سازشوں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے یا اپنے مقصد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ ہم عوامی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت میں آئے ہیں، ہمارا ہر قدم اور پالیسی عوام کی فلاح کے لیے ہے اور آئندہ بھی عوامی فلاح کے خلاف کوئی پالیسی یا اقدام قبول نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا کے عوام کو کسی قسم کی تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ سے آنے والے حکمران عوام کا سوچتے ہیں، 11 ارب روپے کے طیارے اور جامنی رنگ کے انٹیریئر والی گاڑیاں نہیں خریدتے۔

انہوں نے مخالفین کی شاہ خرچیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین روزہ ای سی او کانفرنس کے لیے وفاقی حکومت نے 6 ارب روپے کی بلٹ پروف گاڑیاں خریدیں، جبکہ یہی گاڑیاں کرائے پر بھی لی جا سکتی تھیں۔

وزیراعلیٰ نے امن و امان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دیرپا امن کا قیام صوبائی حکومت کی ترجیح ہے اور وہ اس مقصد کے لیے بند کمروں میں فیصلے کرنے والوں اور صوبے کو تجربہ گاہ بنانے والوں کو میز پر لائیں گے۔ ہمارے عوام تکلیف میں ہیں اور ہمارے لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے، یہ سلسلہ مزید جاری نہیں رہ سکتا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر خیبرپختونخوا کی پالیسی عوام کو تکلیف دینے والی ہو تو اسے ہر صورت تبدیل کریں گے۔

تقریب میں نئی ہائبرڈ بسوں، پنک بس سروس، چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن اور مال آف حیات آباد ڈپو کے قیام سمیت ان منصوبوں کے اہم فیچرز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ بی آر ٹی روزانہ ڈھائی لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے، جن میں تقریباً 30 فیصد خواتین شامل ہیں، جبکہ بی آر ٹی کے ذریعے سالانہ 30 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی ہو رہی ہے۔

بی آر ٹی کی مسلسل توسیع اس منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ مزید 52 نئی بسیں شامل کی جا رہی ہیں، جن کی شمولیت سے بی آر ٹی بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو گئی ہے۔ نئی بسوں سے مزید روٹس کھولنے اور موجودہ روٹس پر مسافروں کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اسی طرح خواتین مسافروں کی خصوصی ضروریات کے پیش نظر پنک بس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں پانچ پنک بسیں منتخب روٹس پر پیک آورز کے دوران چلائی جائیں گی۔ پنک بسوں کی تعداد اور ان کے روٹس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

مزید 50 بسوں اور 6.2 ارب روپے کی لاگت سے نئے ڈپو کی خریداری اور تعمیر کا عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ مزید 50 بسیں موجودہ اے ڈی پی میں شامل کی گئی ہیں، جس پر 5 ارب روپے لاگت آئے گی۔

مزید برآں، بی آر ٹی کی مکمل سولرائزیشن کے لیے بھی 1.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بی آر ٹی منصوبے کی مکمل سولرائزیشن کے بعد بجلی کے اخراجات میں مزید کمی آئے گی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت مکمل طور پر الیکٹرک بس سروس موجود نہیں، تاہم بی آر ٹی نے یہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔

متعلقہ حکام نے بتایا کہ چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن سے سالانہ 7 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ چمکنی ڈپو میں ایک میگاواٹ کا سولر سسٹم مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے سالانہ 14 لاکھ 40 ہزار یونٹس بجلی پیدا ہوگی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے عوام کے ساتھ بی آر ٹی بس میں سفر کرتے ہوئے تقریب کے مقام پر پہنچے۔ وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی اسٹیشن پر عام مسافروں کی طرح بس کا انتظار کیا اور اپنا ٹکٹ خود خریدا۔ انہوں نے صدر سے مال روڈ تک بی آر ٹی بس میں سفر کیا، جہاں سے دوسری بس میں سوار ہو کر تقریب کے مقام پر پہنچے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’ہم عوامی لوگ ہیں، عوام کے درمیان رہ کر ہی ان کے مسائل اور مشکلات کا حقیقی ادراک اور احساس ہوتا ہے۔‘‘

chitraltimes brt bus service new rote inagurated by cm 1