گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے پوزیشن ہولڈراسٹوڈنٹس کے اعزاز میں تقریب
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے آڈیٹوریم میں الحسین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک پروقار اور شاندار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں پہلی جماعت سے لے کر دسویں جماعت تک پوزیشن ہولڈرز اور میٹرک امتحان 2026 میں سرکاری سکولوں کی سطح پر ضلع بھر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔اس پروقار تقریب کی مہمانِ خصوصی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چترال کی پرنسپل پروفیسر مسرت جبیں تھیں، جبکہ صدارت کے فرائض پشاور یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیہ کے سابق چیئرمین پروفیسر اسرار الدین نے سرانجام دیے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) لوئر چترال شاہد حسین تقریب کے مہمانِ اعزاز تھے۔
تقریب سے الحسین فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو الحاج عید الحسین، سکول کے پرنسپل عبدالباری، اقبال حیات،مولانا اسرار الدین الہلال، عنایت اللہ اسیر، قاضی نسیم، افتخار الدین، مولانا محمد قاسم، ظہور الحق دانش، حافظ خوش ولی، دین محمد ندیم، نظار ولی شاہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں الحسین فاؤنڈیشن کی تعلیمی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن نے ہونہار اور پوزیشن ہولڈر طلبہ کی دل کھول کر نقد انعامات سے حوصلہ افزائی کی ہے، جس سے طلبہ میں آگے بڑھنے اور صحت مند مقابلے کا رجحان پیدا ہو رہا ہے جو کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ مقررین نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ پڑھائی پر مرکوز کریں اور زندگی کے ہر میدان میں نمایاں مقام حاصل کریں، کیونکہ موجودہ دور سخت مقابلے کا دور ہے اور صرف محنت ہی سے کامیابی ممکن ہے۔
اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر اسرار الدین نے الحاج عیدالحسین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف ناموں سے ایوارڈوں کا اجراء کیا جائے جبکہ انہوں نے اپنی طرف سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک بڑے اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے ‘ناصر الملک ایوارڈ’ کے نام سے ایک تعلیمی ایوارڈ کا آغاز کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے 1943 سے 1953 تک اس تاریخی سکول میں اپنے طالب علمی کے دور اور سکول کے اہم سنگِ میل کا تفصیلی ذکر کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
پروفیسر مسرت جبین نے فاونڈیشن کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے کو کالجوں تک بھی بڑہادے تاکہ مزید طلباء وطالبات میں مسابقت کا جذبہ پروان چڑھ سکے۔ شاہد حسین نے کہاکہ پبلک سیکٹر کے سکولوں میں دی جانے والی تعلیم میں کوالٹی میں پہلے کے مقابلے میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے جہاں حکومت ہر قسم کی سہولیات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے میں محکمہ تعلیم کی طرف سے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کیں۔

