چترال سمیت خیبرپختونخوا میں 14 سے 17 ستمبر تک بارش، ژالہ باری اور سیلابی صورتحال کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے مون سون ہواؤں اور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کردی
.
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز) محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ہفتے کے دوران بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 14 ستمبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر ملک کے مختلف علاقوں میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر شدید بارش و ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ہری پور، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان، بنوں اور وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت پہاڑی علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ اسی دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی 12 سے 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک، شدید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور شگر میں بھی بارش اور بعض مقامات پر شدید بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں 12 سے 17 ستمبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں 14 ستمبر کی شام یا رات سے 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممکنہ اثرات کے حوالے سے بتایا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں اور آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت موسمی صورتحال اور متعلقہ اداروں کی ہدایات کو مدنظر رکھا جائے۔ کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر اپنی زرعی سرگرمیوں کا انتظام کریں۔
تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل طور پر چوکس رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔