ریری اویر میں پیرا گلائیڈنگ حادثہ، لاپتا پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیرا گلائیڈر آصف محمود کی لاش برآمد، آبائی علاقہ روانہ
۔
اپر چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) اپر چترال کے علاقے ریری اویر میں پیرا گلائیڈنگ کے دوران لاپتا ہونے والے خانپور، صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیرا گلائیڈر آصف محمود کی لاش ہنگامی سرچ آپریشن کے بعد دشوار گزار علاقے سے برآمد کر لی گئی۔
ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے مطابق آصف محمود گزشتہ روز زائنی پاس سے پیرا گلائیڈنگ کی پرواز کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ پرواز کے دوران سہ پہر کے وقت لوٹ اویر کے مقام تک ان سے رابطہ برقرار رہا، تاہم اس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں خراب موسم اور بادلوں کی موجودگی کے باعث وہ مبینہ طور پر حادثے کا شکار ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال احسان اللہ کی ہدایات پر محکمہ ریونیو کے متعلقہ حلقہ پٹواری، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، چترال پولیس اور مقامی رضاکاروں پر مشتمل ٹیموں نے اویر کے دشوار گزار اور پہاڑی علاقے میں ہنگامی سرچ آپریشن کیا۔
سرچ آپریشن کے دوران آصف محمود کی لاش ریری اویر کے مقام سے برآمد کر لی گئی۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے کیٹگری ڈی ہسپتال بونی منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کے مطابق مزید کارروائی مکمل کی گئی۔
بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد ڈپٹی کمشنر اپر چترال احسان اللہ نے کیٹگری ڈی ہسپتال بونی کا دورہ کیا اور متوفی کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے ان کے آبائی گاؤں خانپور، صوبہ پنجاب روانہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ریسکیو 1122، چترال پولیس، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، محکمہ ریونیو، مقامی رضاکاروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشوار گزار علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور متوفی کی لاش کو جائے حادثہ سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔
ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے متوفی کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے مطابق واقعے سے متعلق تمام ضروری قانونی کارروائی ضابطے کے مطابق مکمل کی گئی۔
یاد رہے کہ آصف محمود کا تعلق خانپور، صوبہ پنجاب سے تھا اور وہ پیرا گلائیڈنگ کے شوقین تھے۔اسی شوق میں چترال آئے تھے۔ ان کی اچانک گمشدگی کے بعد اہلِ خانہ اور متعلقہ اداروں میں تشویش پائی جاتی تھی، تاہم ہنگامی سرچ آپریشن کے بعد ان کی لاش برآمد کر لی گئی۔
