صحت کارڈ پلس پروگرام سے متعلق اہم اجلاس، بنیادی مراکز صحت، رورل ہیلتھ سنٹرز اور کیٹیگری ڈی ہسپتالوں کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کی تجویز پر غور
۔
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پلس عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، اسے مزید بہتر، موثر اور دیرپا بنانے کے لیے قابلِ عمل اصلاحات اور اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ عوام اس کے حقیقی ثمرات سے بطریق احسن مستفید ہوں سکیں۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کو صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان شعبوں سے متعلق امور و اقدامات بروقت نمٹائے جائیں، تاخیر یا رکاوٹ کی کوئی گنجائش نہیں۔ وہ صحت کارڈ پلس پروگرام سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں پروگرام کو مزید منظم، موثر اور دیرپا بنانے کے لیے مختلف مجوزہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صحت کارڈ کے دائرہ کار، علاج کی کوریج، سروس ریٹس، سہولت کے غلط استعمال کی روک تھام اور سرکاری صحت مراکز کو پروگرام میں شامل کرنے سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ہفتہ بھر 24 گھنٹے فعال رہنے والے بنیادی مراکز صحت، رورل ہیلتھ سنٹرز اور کیٹیگری ڈی ہسپتالوں کو صحت کارڈ پلس پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ صحت کارڈ کے تحت مہنگے علاج کی کوریج بڑھانے اور سروس ریٹس میں مرحلہ وار اضافے کی تجاویز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کارڈ سہولت کے غلط استعمال کا سدباب ناگزیر ہے، اس مقصد کے لیے ہسپتالوں کو طے شدہ ضابطہ اخلاق کا پابند بنایا جائے اور پروگرام میں شفافیت، موثریت اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی صحت مراکز اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی ریویمپنگ کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری صحت سہولیات فراہم کرنا ہے۔ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، اس لیے ان وسائل کے موثر استعمال اور بہتر نتائج کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سوشل ہیلتھ پروٹیکشن یونٹ کی استعدادِ کار بڑھانے کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا گیا۔ صحت کارڈ کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے بطور آپشن ٹاپ اَپ ہیلتھ پیکیج متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور و خوض کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔ عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے قابلِ عمل اور نتیجہ خیز حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھیں گے، عوام کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی حتمی ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ اصلاحات اور اقدامات پر باہمی مشاورت سے تفصیلی لائحہ عمل تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس ہوگا، جس میں تمام تجاویز کو حتمی شکل دے کر صحت کارڈ پلس پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لیے عملی اور نتیجہ خیز لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔