لوئر چترال میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک من سے زائد چرس، تقریبا تین کلوگرام آئس اور 170.5 لیٹر شراب برآمد
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کی خصوصی ہدایات پر ’’نشہ اب نہیں‘‘ تحریک کے تحت ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ڈی پی او ریشم جہانگیر کے چارج سنبھالنے کے بعد منشیات کے خاتمے کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
لوئر چترال پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کارروائیوں کے دوران 91 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 43 کلو 858 گرام چرس، 170.5 لیٹر شراب، 2 کلو 930 گرام آئس، ایک کلو 205 گرام افیون اور 142 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 7 افراد توبہ تائب بھی ہوئے۔
ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی اور منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے غیر قانونی اثاثے منجمد کرنے کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے، جس کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ خط و کتابت جاری ہے۔ پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کی معاشی سرگرمیوں کو محدود کرنا اور منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام کو مؤثر بنانا ہے۔
لوئر چترال پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد منشیات فروشوں اور منشیات کے کاروبار سے متعلق معلومات فوری طور پر پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک منشیات سے پاک، پرامن اور محفوظ لوئر چترال کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔