اپر چترال: ریشن میں سکول وین میں اچانک آگ، ڈرائیور نے تمام بچوں کو بحفاظت نکال لیا
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ریشن کے مقام کوڑوم شغور پر آغا خان سکول چرون سے بچوں کو ریشن لے جانے والی فلائنگ کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی، تاہم خوش قسمتی سے تمام بچے محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اطلاعات کے مطابق زئیت کے رہائشی نبی شاہ کی سکول وین بچوں کو کوراغ سے ریشن لے جا رہی تھی کہ کوڑوم شغور کے مقام پر گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ڈرائیور نے انتہائی بہادری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر تمام بچوں کو گاڑی سے بحفاظت باہر نکال لیا، جس کے باعث کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر اپر چترال احسان اللہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی نے پلاننگ آفیسر شمشیر علی خان کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام بچوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچا دیا گیا، جبکہ واقعے کی صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی کی گئی۔
حادثے میں کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر والدین اور علاقہ مکینوں نے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ بچوں کو بروقت گاڑی سے نکالنے پر ڈرائیور کے بروقت اقدام کو سراہا گیا۔

