جامعہ چترال میں میٹریل سائنس اور قابلِ تجدید توانائی پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) جامعہ چترال میں میٹریل سائنس اور قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہوگیا، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ممتاز ماہرینِ تعلیم، محققین اور جامعات کے نمائندگان شریک ہیں۔
کانفرنس جامعہ چترال، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد میٹریل سائنس، شمسی توانائی، قابلِ تجدید توانائی اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تحقیق اور علمی روابط کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ چترال پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے شریک جامعات اور ملکی و غیر ملکی ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کی جامعات میں بین الاقوامی سطح کی کانفرنسوں کا انعقاد مقامی طلبہ اور محققین کے لیے ایک اہم موقع ہے، جس کے ذریعے انہیں عالمی سطح کے ماہرین سے براہِ راست استفادہ اور جدید تحقیق سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔
کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے روایتی توانائی کے ذرائع میں کمی کے پیشِ نظر پائیدار اور متبادل توانائی کی ٹیکنالوجیز پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
لندن ساؤتھ بینک یونیورسٹی برطانیہ کے کلیدی مقرر ڈاکٹر طارق سجاد نے شمسی توانائی کے سیلز، فوٹو ڈیٹیکٹرز اور ری چارج ایبل بیٹریوں کے شعبوں میں ہونے والی جدید پیش رفت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
کانفرنس کے دوران جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی ڈاکٹر نادیہ اکرم، ڈاکٹر زمیرا صدیق سمیت دیگر ماہرین اور پروفیسرز نے بھی تحقیقی و علمی مباحث میں حصہ لیا۔
اس موقع پر معزز مہمانوں اور مقررین کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں یادگاری شیلڈز اور روایتی چترالی ٹوپیاں بھی پیش کی گئیں۔ کانفرنس کے دوسرے روز بھی مختلف تحقیقی مقالہ جات، لیکچرز اور علمی نشستوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


