The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 13 August 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

پی ڈی ایم اے کا الرٹ: چترال سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کا امکان

Chitral Times

پی ڈی ایم اے کا الرٹ: چترال سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کا امکان

پی ڈی ایم اے کا الرٹ: چترال سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کا امکان

پی ڈی ایم اے کا الرٹ: چترال سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کا امکان

.

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پاکستان محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر اور اپر چترال، اپر و لوئر دیر، بونیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، باجوڑ، اپر و لوئر کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم سمیت مختلف اضلاع میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ حساس اور پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھے جائیں، خصوصاً حساس علاقوں اور کمزور گھروں میں رہائش پذیر افراد کی نگرانی یقینی بنائی جائے۔

ضلعی انتظامیہ کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو کلیئر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں سے کم از کم 20 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھیں، جبکہ شدید بارش کے دوران ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کیمپنگ سے بھی گریز کیا جائے۔

عوام کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سیلابی پانی میں پیدل چلنے یا گاڑی گزارنے کی کوشش نہ کریں، جبکہ بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ اور مضبوط عمارتوں میں پناہ لیں۔ بجلی کی کھلی تاروں اور خراب برقی آلات کو چھونے سے گریز کیا جائے اور بچوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گڑھوں اور پانی کی نکاسی کے راستوں سے دور رکھا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ تمام اداروں کو صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر پی ای او سی پی ڈی ایم اے کو اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

عوام ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔