عدالتی تحریری معاہدے کے بعد محمد علی شاہ نے بھوک ہڑتال ختم کردی، موڑکہو پہنچنے پر شاندار استقبال
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) موڑکہو روڈ پر اسفالٹ بچھانے کے کام میں طویل تاخیر کے خلاف جاری احتجاج بالآخر کامیاب ہوگیا۔ سینئر نائب صدر ایم ڈی ایم اور معروف سماجی شخصیت محمد علی شاہ نے مطالبات کی منظوری اور عدالتی تحریری معاہدے کے بعد اپنی کئی روزہ بھوک ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
محمد علی شاہ گزشتہ کئی دنوں سے بونی چوک میں بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیے ہوئے تھے۔ دورانِ احتجاج ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں بونی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج رہے۔
عدالتی تحریری معاہدے کے مطابق موڑکہو روڈ کے دو کلومیٹر حصے پر اسفالٹ بچھانے کا کام 31 اگست 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ معاہدے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر کام مکمل نہ ہوا تو متعلقہ محکمہ اور ذمہ دار افراد کے خلاف عدالت کی جانب سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسی تحریری عدالتی معاہدے کو تسلیم کرتے ہوئے محمد علی شاہ نے اپنی بھوک ہڑتال اور احتجاج کو پرامن طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔
بعد ازاں جب محمد علی شاہ اپنے آبائی علاقے موڑکہو پہنچے تو مقامی عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر محمد علی شاہ نے عدالت، ضلعی انتظامیہ، اپر چترال کے عوام، میڈیا، سوشل میڈیا کے نمائندوں اور ان تمام افراد کا دلی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوامی مفاد کے اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور اس جدوجہد کو کامیاب بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ آئندہ بھی عوامی حقوق اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
