مون سون سیزن: عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، تمام اضلاع سو فیصد تیاری رکھیں، چیف سیکرٹری
.
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مون سون سیزن کے دوران احتیاطی تدابیر اور ایمرجنسی ریسپانس سے متعلق سو فیصد تیاری یقینی بنائی جائے، کیونکہ کسی بھی قسم کی غفلت عوام کی جان و مال کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔پیر کے روز گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ عوام میں آگاہی مہم تیز کی جائے، ممکنہ خطرناک مقامات پر وارننگ اور احتیاطی بورڈ نصب کیے جائیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے الات و مشینری کو ہر وقت فعال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر وقت الرٹ رہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اضلاع میں امن و امان کے مسائل اپنی جگہ، لیکن ان کی وجہ سے عوامی خدمات کی فراہمی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ شہریوں کو ہر صورت بہتر اور مسلسل سرکاری سہولیات فراہم کی جائیں۔چیف سیکرٹری نے بعض اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی خراب حالت پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور محکمہ کھیل کو ہدایت دی کہ صوبے بھر میں تمام کھیلوں کے میدانوں اور دیگر سہولیات کا جامع جائزہ لے کر ان کی بحالی کے لیے سفارشات پیش کی جائیں۔اجلاس میں مون سون تیاریوں، سیاحتی مقامات پر سہولیات، احساس ای پنشن سسٹم، سرکاری گاڑیوں کے ڈیجیٹل انتظامی نظام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد، سڑکوں کی بہتری اور شجرکاری سمیت مختلف اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری گاڑیوں کے شفاف استعمال، مؤثر نگرانی اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل وہیکل مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ احساس ای پنشن سسٹم باقاعدہ طور پر فعال ہو چکا ہے اور پنشن سے متعلق خدمات کی آن لائن کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس نظام کو صوبے کے آٹھ ہزار سے زائد ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز)، تمام صوبائی محکموں اور اکاؤنٹنٹ جنرل کے دفاتر سے منسلک کر دیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آن لائن پنشن سسٹم عوام دوست طرزِ حکمرانی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے ریٹائرڈ ملازمین کو شفاف، تیز اور آسان طریقے سے پنشن کی سہولت میسر آئے گی۔
۔
۔
مون سون بارشوں کے دوران سیاح احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال*
دریں اثنا وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں، فلش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر سیاح اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ سیاح دریاؤں، آبشاروں، جھیلوں اور تیز بہاؤ والے پانی میں نہانے یا داخل ہونے سے گریز کریں کیونکہ مون سون کے دوران پانی کی سطح اور بہاؤ میں اچانک اضافہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ملک عدیل اقبال نے مزید کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے علاقوں، پہاڑی ڈھلوانوں اور متاثرہ سڑکوں کی جانب سفر سے اجتناب کیا جائے۔ سفر شروع کرنے سے قبل سیاح پہل-911 یا ٹورازم ہیلپ لائن 1422 سے تازہ ترین موسمی صورتحال اور سفری ہدایات ضرور حاصل کریں۔
معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ شدید بارش، طوفانی موسم یا سیلابی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشتی رانی صرف مقررہ اور محفوظ مقامات پر کی جائے اور لائف جیکٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال نے مزید کہا کہ پہاڑی اور سیاحتی علاقوں میں سفر کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور اچانک آنے والے سیلاب کے خطرات سے مسلسل باخبر رہنا ضروری ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹورازم پولیس، پہل-911 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ہدایات پر فوری عمل کیا جائے۔ملک عدیل اقبال نے حکومتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے سیاحوں سے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔