وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی یوتھ پالیسی 2026 پر عملدرآمد سے متعلق ایک اہم اجلاس
.
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی یوتھ پالیسی 2026 پر عملدرآمد سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے یوتھ پالیسی 2026 کے مختلف پہلوؤں، جوان مراکز کے گورننگ بورڈ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ جوان مراکز کے بہتر انتظام و انصرام کے لیے مجوزہ گورننگ بورڈ میں عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ نوجوانوں کی ضروریات اور ترجیحات کو مؤثر انداز میں پالیسی سازی اور اس پر عملدرآمد کے عمل میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے زیر تعمیر جوان مراکز کو جلد از جلد مکمل کرکے فعال بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور نکھارنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی یوتھ پالیسی نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضمانت بنے گی اور اس کے ذریعے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے ایک جامع اور پائیدار نظام تشکیل دیا جائے گا۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے اسٹارٹ اپس، کیریئر گائیڈنس، تربیتی پروگراموں، کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان کا وژن نوجوانوں اور انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری ہے اور صوبائی حکومت اس وژن پر من و عن عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو سپورٹس کوچز کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انہیں بین الاقوامی معیار کے کوچز سے تربیت دلوانے کے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) 2026-27 میں صوبائی یوتھ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے 70 کروڑ روپے مالیت کی دو ترقیاتی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔
مزید برآں، جوان مراکز کے ذریعے نوجوانوں کی اسکلز ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل لرننگ، کیریئر ڈویلپمنٹ، تربیتی پروگراموں اور سیمینارز کے انعقاد کے لیے 170 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے، یوتھ انٹرپرینیورشپ، اسٹارٹ اپ چیلنجز، بزنس پلان مقابلوں، کیریئر فیئرز اور انٹرپرینیورشپ نمائشوں کے لیے 115 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی اور ضلعی سطح پر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ، آئی ٹی ہیکاتھونز، ٹیکنالوجی مقابلوں، یوتھ فیسٹیولز، کنونشنز اور ایکسچینج پروگرامز کے انعقاد کے لیے 120 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ماحولیاتی تحفظ، کلائمیٹ ایکشن، موسمیاتی آگاہی مہمات اور شجرکاری سرگرمیوں میں نوجوانوں کی فعال شمولیت یقینی بنانے کے لیے 60 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے یوتھ پالیسی 2026 پر مؤثر، مربوط اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔