The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 12 July 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چترال: زرگراندہ چوری کیس حل، 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد، مرکزی ملزم گرفتار، ڈی پی او ریشم جہانگیر کی پریس کانفرنس 

Chitral Times

چترال: زرگراندہ چوری کیس حل، 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد، مرکزی ملزم گرفتار، ڈی پی او ریشم جہانگیر کی پریس کانفرنس 

چترال: زرگراندہ چوری کیس حل، 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد، مرکزی ملزم گرفتار، ڈی پی او ریشم جہانگیر کی پریس کانفرنس 

چترال: زرگراندہ چوری کیس حل، 37 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد، مرکزی ملزم گرفتار، ڈی پی او ریشم جہانگیر کی پریس کانفرنس

۔

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے کہا ہے کہ پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ مثالی ہے، جس کی بدولت ضلع میں جرائم کی شرح کم ترین سطح پر ہے جہاں کا سول سوسائٹی کا طبقہ انتہائی تعلیم یافتہ اور مہذب ہے اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔گزشتہ ہفتے تعیناتی کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس نے چترال میں چوری کا ایک ایسا کیس کامیابی سے ٹریس کر لیا ہے جس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ زرگراندہ چترال میں پیش آنے والی چوری کی بڑی واردات کو کامیابی سے ٹریس کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے 37 لاکھ 29 ہزار روپے مالیت کی نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان برآمد کر لیا ہے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ 25 جون 2026 کو زرگراندہ میں ایک رہائشی گھر میں چوری کی واردات رپورٹ ہوئی تھی، جس میں نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر لی گئی تھیں۔ واقعے کے فوری بعد تھانہ سٹی چترال میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کیس کی حساسیت کے پیش نظر ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید سائنسی تفتیشی طریقہ کار، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے منسلک سی سی ٹی وی کیمروں، تکنیکی شواہد اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ مسلسل پیشہ ورانہ کوششوں کے نتیجے میں مرکزی ملزم رقیب گل ولد جاوید گل، سکنہ ریحانکوٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ریشم جہانگیر نے بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر چوری شدہ نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان برآمد کر لیا گیا ہے، جس کی مجموعی مالیت 37 لاکھ 29 ہزار روپے بنتی ہے۔ برآمد شدہ سامان قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ڈی پی او لوئر چترال نے کہا کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں پر یقین رکھتی ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع لوئر چترال میں قانون شکن عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں  پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ ضلع کو مزید محفوظ اور پُرامن بنایا جا سکے۔

chitraltimes dpo lower chitral rashum jhangir press confrence 2