اپرچترال : بونی ہسپتال میں ہیٹ ویو پریوینشن کیمپ قائم، ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے افتتاح کر دیا
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے کیٹیگری ڈی ہسپتال بونی میں قائم کیے گئے ہیٹ ویو پریوینشن کیمپ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی، محکمہ صحت کے حکام، ٹی ایم اے مستوج کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے ہیٹ ویو پریوینشن کیمپ کے اغراض و مقاصد، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں شہریوں کو ابتدائی طبی امداد، پینے کا صاف پانی، ہیٹ ویو سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی اور دیگر ضروری طبی و حفاظتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے ہیٹ ویو پریوینشن کیمپ کے قیام کو بروقت اور عوامی مفاد کا اہم اقدام قرار دیتے ہوئے ٹی ایم اے مستوج، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور محکمہ صحت کے طبی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ موسمی شدت اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر ایسے حفاظتی اقدامات نہایت ضروری ہیں تاکہ شہریوں کو گرمی کی لہر کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی جان و صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ہیٹ ویو پریوینشن کیمپ کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور شہریوں کو بہترین طبی اور حفاظتی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
