چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کا مون سون بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اجلاس، اپر چترال انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
.
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت حالیہ مون سون بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور ہنگامی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے بھر میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کے تحفظ، ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکریٹری نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف رہائش پذیر افراد کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، کشتیوں میں لائف جیکٹس کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے، ضلع بھر میں موجود چیئر لفٹس کی فٹنس کا معائنہ کرکے باقاعدہ فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں اور چیئر لفٹ آپریٹرز کو حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کا پابند بنایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوامی آگاہی مہمات کو مؤثر بنایا جائے، حساس مقامات پر ضرورت کے مطابق دفعہ 144 نافذ کی جائے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔
اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دیں، عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنائیں اور شہریوں کو دریاؤں کے کناروں پر غیر ضروری نقل و حرکت اور تفریح سے گریز کرنے کی ہدایت کریں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ ضلع بھر میں قائم تمام چیئر لفٹس کا فوری معائنہ کیا جائے، ان کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ یقینی بنائی جائے اور حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں کے دوران ہر ممکن صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔