ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، بحالی کے کام تیز کرنے اور نقصانات کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ہدایت
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راو ہاشم عظیم نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ بروز، سین کوڑوم ودیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور جاری امدادی و بحالی کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ امدادی اور بحالی کے کاموں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ متاثرہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
راو ہاشم عظیم نے یقین دہانی کرائی کہ کلیمز اسیسمنٹ کمیٹی کی تمام کارروائیوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کمیٹی دوبارہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی تاکہ کسی بھی متاثرہ خاندان کو امدادی عمل سے محروم نہ رہنے دیا جائے اور نقصانات کا درست تخمینہ لگایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ٹی ایم اے، محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ متاثرہ علاقوں میں بھی بحالی اور بنیادی سہولیات کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
