The Voice of Chitral since 2004
Monday, 6 July 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

 مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی پروگرام، گورننس اور سروس ڈیلیوری سے متعلق وزیراعلیٰ کے زیرصدارت ایک اہم جائزہ اجلاس

Chitral Times

 مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی پروگرام، گورننس اور سروس ڈیلیوری سے متعلق وزیراعلیٰ کے زیرصدارت ایک اہم جائزہ اجلاس

 مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی پروگرام، گورننس اور سروس ڈیلیوری سے متعلق وزیراعلیٰ کے زیرصدارت ایک اہم جائزہ اجلاس

 مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی پروگرام، گورننس اور سروس ڈیلیوری سے متعلق وزیراعلیٰ کے زیرصدارت ایک اہم جائزہ اجلاس

۔
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان، ترقیاتی پروگرام، گورننس اور سروس ڈیلیوری سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے ڈویژن میں امن و امان، جاری ترقیاتی منصوبوں، گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو مالاکنڈ ڈویڑن میں پارلیمنٹرینز پر حملوں کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو جدید اسلحہ اور آلات سے مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید موثر بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مالاکنڈ ڈویژن میں دہشتگردی اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مربوط اور بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سوات میں پیڈز اسپتال اور ارشد شریف یونیورسٹی کے منصوبوں کے لیے مکمل فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی جبکہ مزدور شیلٹرز کے قیام، عوامی مقامات پر ٹھنڈے پانی اور پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ “ہم نے کارکردگی کو عوامی اطمینان اور خوشحالی سے جانچنا ہے۔”وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جائے، عوامی اطمینان کو کارکردگی کا محور بنایا جائے اور عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں 737 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے جبکہ ترقیاتی فنڈز کا 99 فیصد خرچ کیا جا چکا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں پولیس عمارتوں کی فورٹیفیکیشن کا عمل جاری ہے، 14 پولیس سہولت مراکز فعال ہیں جبکہ مزید 3 پولیس سہولت مراکز زیر تعمیر ہیں۔مالاکنڈ ڈویژن سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل آف پولیس، ڈویژنل کمشنر، ریجنل پولیس آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

chitraltimes cm kp sohail afridi chairing malakand division

۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوئٹہ سے پشاور آنے والی مسافر بس کے المناک حادثے میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے جاں بحق اور زخمی افراد کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی، جبکہ حادثے کے ہر زخمی کو 10 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو مالی امداد کی فراہمی کے لیے تمام ضروری کارروائی بلا تاخیر مکمل کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انکی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔