The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 4 July 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چرون میں دریائے یارخون کا کٹاؤجاری، رہائشی املاک سمیت مستوج ۔ شندور روڈ کو شدید خطرہ 

Chitral Times

چرون میں دریائے یارخون کا کٹاؤجاری، رہائشی املاک سمیت مستوج ۔ شندور روڈ کو شدید خطرہ 

چرون میں دریائے یارخون کا کٹاؤجاری، رہائشی املاک سمیت مستوج ۔ شندور روڈ کو شدید خطرہ 

چرون میں دریائے یارخون کا کٹاؤجاری، رہائشی املاک سمیت مستوج ۔ شندور روڈ کو شدید خطرہ

۔

اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) گاؤں چرون میں دریائے یارخون کے شدید کٹاؤ کے باعث مقامی آبادی کی رہائشی املاک، زرعی اراضی، باغات اور اہم شاہراہ چترال۔بونی۔مستوج۔شندور روڈ کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ علاقے کے عمائدین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ چند روز میں مرکزی شاہراہ دریا برد ہونے کا خدشہ ہے، جس سے اپر چترال کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو سکتا ہے۔

مقامی عمائدین کے مطابق اس وقت کڑک کوراغ کے مقام پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی جانب سے سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں بلاسٹنگ کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلاسٹنگ سے نکلنے والا ملبہ کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے بجائے چرون کے متاثرہ مقام پر ڈمپ کیا جائے تاکہ دریا کے بہاؤ کا رخ تبدیل کرکے سڑک، زرعی اراضی اور آبادی کو مزید کٹاؤ سے محفوظ بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ایک طرف ملبے کو ٹھکانے لگانے کا مسئلہ حل ہوگا اور دوسری جانب حفاظتی پشتے بھی مضبوط ہوں گے۔

علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر مؤثر حفاظتی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ بڑے انسانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان ، ڈی پی او اپرچترال کے ہمراہ چرون کا ہنگامی دورہ کیا اور متاثرہ مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، محکمہ لوکل گورنمنٹ اور محکمہ ایریگیشن کے متعلقہ حکام کو موقع پر طلب کیا گیا، جہاں دریائی کٹاؤ سے عوامی مکانات، زرعی زمینوں، باغات اور چترال۔بونی۔مستوج۔شندور روڈ کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر این ایچ اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایکسکیویٹر مشین متاثرہ مقام پر پہنچا دی اور دریا کا رخ محفوظ سمت کی جانب موڑنے کے لیے کام شروع کر دیا، جبکہ حساس مقامات پر بڑے حفاظتی پتھر ڈالنے کا عمل بھی جاری ہے۔ اسی طرح محکمہ ایریگیشن اور محکمہ لوکل گورنمنٹ نے بھی اپنی بھاری مشینری موقع پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات کے ذریعے عوامی املاک اور اہم شاہراہ کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق متعلقہ تمام محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا گیا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ اپر چترال کی صدر رشیدہ ضیاء نے چرون میں دریائے یارخون کے کٹاؤ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں گے تاکہ مقامی آبادی کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

chitraltimes charun river erosion 2 chitraltimes charun river erosion 3 chitraltimes charun river erosion 4 chitraltimes charun river erosion 1

chitraltimes charun river erosion 6 chitraltimes charun river erosion 5