ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کا وزیراعظم پاکستان کے کوارڈنیٹر عبد الولی خان ایڈوکیٹ کے ہمراہ زیرتعمیر دانش سکول اور آیون ۔ کالاش روڈ منصوبوں کا دورہ
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راو ہاشم عظیم نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رفعت اللہ خان اور وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر عبد الولی خان ایڈوکیٹ کے ہمراہ سید آباد، لوئر چترال میں زیر تعمیر دانش سکول منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اور آرکیٹیکٹس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تعمیراتی کام منظور شدہ ڈیزائن، معیاری تقاضوں اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تسلی بخش رفتار سے جاری ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبے میں معیار، پائیداری اور بروقت تکمیل کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
پراجیکٹ کے تحت طلبہ اور طالبات کے لیے علیحدہ تعلیمی اور رہائشی کیمپس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جہاں جدید تعلیمی سہولیات کے ساتھ ٹینس، بیڈمنٹن، والی بال اور دیگر کھیلوں کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ شیڈول کے اندر مکمل کرنے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔
بعد ازاں وفد نے آیون۔کالاش ویلی روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فارسٹ چیک پوسٹ تک سڑک پر اسفالٹ (بلیک ٹاپ) کا کام جولائی کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس کے بعد فارسٹ چیک پوسٹ سے دوباش تک سڑک کی کشادگی، لیولنگ اور کٹنگ کا کام شروع کیا جائے گا، جسے ان شاء اللہ ستمبر کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وفد نے منصوبوں پر جاری پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہونے سے نہ صرف علاقے میں تعلیمی سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ کالاش وادیوں تک آمدورفت بھی مزید محفوظ اور آسان ہو جائے گی۔
