لوئر چترال میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن، متعدد چالان، کم عمر موٹر سائیکل سواروں کی گاڑیاں ضبط
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان کی ہدایات پر لوئر چترال پولیس اور ٹریفک وارڈنز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں عمل میں لائیں۔
پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والے افراد اور ضروری دستاویزات کے بغیر موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ اس دوران متعدد موٹر سائیکل سواروں کے چالان بھی کیے گئے۔
اسی طرح کم عمر (انڈر ایج) موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کم عمر بچوں کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں ضبط کرکے متعلقہ تھانوں میں بند کر دی گئیں، جبکہ بعض معاملات میں والدین اور سرپرستوں کو بھی قانون کے مطابق تنبیہ کی گئی اور ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
لوئر چترال پولیس نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور قانون شکنی کے مرتکب افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
پولیس اور ٹریفک وارڈنز نے والدین، اساتذہ اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے سے روکیں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
