عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گلوبل ایپ، کائنیٹیک پولیس ایکشن ڈیش بورڈ اور مختلف جدید آن لائن پورٹلز کا افتتاح کر دیا
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبرپختونخوا میں جدید، شفاف اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پولیس سہولت مرکز (PSM) گلوبل ایپ، کائنیٹیک پولیس ایکشن ڈیش بورڈ اور مختلف جدید آن لائن پورٹلز کا افتتاح کر دیا ہے، جن کے ذریعے متعدد پولیس خدمات کی ڈیجیٹل فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد پولیس نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بناتے ہوئے اسے مزید شفاف، مؤثر، جوابدہ اور عوام دوست بنانا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جدید پولیس سہولیات اور ان کے استعمال کے طریقہ کار سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے مؤثر اور جامع آگاہی مہم چلائی جائے، جبکہ تمام نئے ڈیجیٹل نظاموں پر مؤثر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس سہولت مرکز (PSM) ایپ کے ذریعے 24 مختلف پولیس خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ بیرونِ ملک اور صوبے سے باہر مقیم شہریوں کی سہولت کے لیے “PSM گلوبل” متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے وہ مختلف پولیس خدمات تک آسان رسائی حاصل کر سکیں گے۔ پولیس افسران کی فیلڈ کارکردگی میں بہتری اور مختلف خدمات کی مؤثر نگرانی کے لیے کائنیٹیک پولیس ایکشن ڈیش بورڈ متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ مختلف طبقات کی سہولت کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔
اس جدید نظام کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ، صوبہ بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس کا فوری تجزیہ اور معاملات پر تیز رفتار عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے گا۔ مزید برآں پولیس افسران کی فیلڈ سرگرمیوں اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے (KPCOP) موبائل ایپ بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس موقع پر صوبے میں ایف آئی آرز کے آن لائن اندراج کے لیے ڈیجیٹل نظام کا بھی اجرا کر دیا گیا، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے ایف آئی آر درج کروا کر اس کی رپورٹ حاصل کر سکیں گے۔
اسی طرح آن لائن شکایات مینجمنٹ سسٹم کے تحت شہری ٹول فری نمبر، واٹس ایپ، فیس بک، ایس ایم ایس اور دیگر ذرائع کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ لاپتہ بچوں کی تلاش اور بازیابی کے لیے “تلاش گمشدہ پورٹل” متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنفی تشدد کا شکار افراد کے لیے آن لائن شکایات درج کرانے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ خواتین اور بچوں کو ہنگامی حالات میں فوری مدد کی فراہمی کے لیے “پنک بٹن” فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ شہری اب گھر بیٹھے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ ان سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے بائیومیٹرک تصدیق اور آن لائن ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور تجدید کے عمل کو مزید آسان، تیز رفتار اور شہری دوست بنا دیا گیا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس، چالان اور دیگر دستاویزات کی آن لائن تصدیق کے لیے جدید ویریفیکیشن نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔
خواجہ سرا برادری اور اقلیتی برادریوں کے افراد کے لیے خصوصی شکایات پورٹلز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ انہیں اپنی شکایات کے اندراج اور ازالے کے لیے آسان اور مؤثر پلیٹ فارم میسر آ سکے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ڈیجیٹل پولیسنگ کے یہ اقدامات عوام کی سہولت، فوری رسائی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات پولیس خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور ان کے ذریعے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد، رابطے اور شفافیت کو مزید فروغ ملے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عامر سلطان ترین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔سنٹرل پولیس آفس آمد پر وزیراعلیٰ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
