16 سے 20 جون تک چترال سمیت بالائی علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز آندھی کی پیشگوئی
۔
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے 16 سے 20 جون تک خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، ہنگو اور کرم میں 16 سے 20 جون کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
کشمیر کے مختلف علاقوں میں 16 سے 22 جون جبکہ گلگت بلتستان میں 18 سے 22 جون تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو فصلوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔