شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ افتتاح، لاسپورچترال کی دونوں ٹیموں نے غذر کو 9-0 سے شکست دیدی جبکہ تیسرے میچ میں یاسین کی ٹیم فاتح رہی، گورنرخیبرپختونخوا نےانعامات تقسیم کی
.
شندور (نمائندہ چترال ٹائمز) دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں تین روزہ شندور پولو فیسٹیول 2026 کا شاندار اور رنگا رنگ آغاز ہوگیا۔ فیسٹیول کا انعقاد خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے اشتراک سے کیا گیا ہے، جس میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور شائقینِ پولو کی بڑی تعداد شریک ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے، جنہوں نے صوبائی وزراء، ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر معززین کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات بھی تقسیم کیے۔
فیسٹیول کے افتتاحی پولو میچ میں لاسپور (چترال) کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے غذر (گلگت بلتستان) کو صفر کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دے دی۔ اسی طرح دوسرے میچ میں بھی لاسپور بی ٹیم نے غذر بی ٹیم کو صفرکے مقابلے میں ۹ گول سے شکست دیدی ، جبکہ تیسرے میچ میں سب ڈویژن یاسین نے سب ڈویژن مستوج کی ٹیم کو پانچ کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دیدی، میچ کے دوران شائقین نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو خوب سراہا۔
پولو مقابلوں کے علاوہ پیراگلائیڈنگ، بچوں کے ٹیبلو، روایتی رقص، موسیقی اور ثقافتی پروگراموں نے فیسٹیول کو مزید رنگین بنا دیا۔ مختلف ثقافتی سرگرمیوں نے شائقین اور سیاحوں کو بھرپور محظوظ کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ شندور فیسٹیول نہ صرف پولو کے روایتی کھیل کو فروغ دیتا ہے بلکہ چترال اور گلگت بلتستان کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی، رہائش اور دیگر سہولیات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ سیاحوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔




