11 سے 13 جون کے دوران چترال سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ، محکمہ موسمیات
۔
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 11 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی بالائی اور وسطی علاقوں میں اثرانداز ہوں گی، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جون کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بنوں، کوہاٹ، پشاور، مردان، ہنگو، کرم، وزیرستان، خیبر اور دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
اسی دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور انفراسٹرکچر، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔