چترال تجارت اور سیاحت کے بیش بہا خزانوں سے مالا مال ہے۔ ہائی کمشنر بنگلہ دیش اقبال حسین کا چترال میں میڈیا سے گفتگو
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر، اقبال حسین خان نے چترال کے قدرتی حسن اور مناظر کی دل کھول کر تعریف کی ہے اور یہاں تجارت اور سیاحت کے بہترین مواقع کو اجاگر کیا ہے۔پیر کے روز ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا کے نمائندوں اور تجارتی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بنگلہ دیش کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں میں ان مواقع کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک قومی نمائش کے دوران انہوں نے خیبر پختونخوا کی ثقافت اور علاقے کی خوب صورتی سے متاثر ہوا جس کے بعد خیبر پختونخوا کے کئی مقامات بشمول لویر چترال اور اپر چترال کی سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چترال کی کئی مقامی مصنوعات بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتی ہیں جبکہ کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ چترال تجارت اور سیاحت کے بیش بہا خزانوں سے مالا مال ہے اور وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مسلسل کوششیں کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ان کے مطابق دونوں برادر ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنا ان کی اولین ترجیح ہے اور چترال کے منفرد مناظر کو دنیا کے سامنے لانا اس سلسلے میں ایک بڑا قدم ہے۔ اس موقع پر کونسلر (پریس) طیب علی اور دیگر سفارت کار بھی موجود تھے،

