این ڈی ایم اے الرٹ جاری: چترال سمیت شمالی علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور پہاڑی تودے گرنے کا خدشہ
۔
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے قومی ہنگامی آپریشن مرکز نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامیر، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، پہاڑی تودے گرنے اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ موجود ہے۔ خصوصاً چترال، کالام، اپر کوہستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ (پہاڑی تودے گرنے) کے امکانات زیادہ ہیں۔
الرٹ کے مطابق ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال اور آزاد کشمیر کے بعض پہاڑی علاقوں میں رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ قراقرم شاہراہ، ناران روڈ اور جگلوٹ۔اسکردو روڈ پر آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔