ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں پہلی مرتبہ جدید سی ٹی اسکین مشین نصب، جلد عوام کے لیے دستیاب ہوگی
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال لوئر میں جدید سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب اور اس سے متعلق تمام ضروری تکنیکی مراحل کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد مشین مکمل طور پر استعمال کے لیے تیار ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ اہم پیش رفت ڈی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں، ایم پی اے چترال لوئر مہتر فتح الملک علی ناصر کے صوابدیدی فنڈ سے فراہم کردہ مالی تعاون اور ڈپٹی کمشنر چترال لوئر راؤ ہاشم عظیم کی صحت کے شعبے میں خصوصی دلچسپی اور عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
سی ٹی اسکین کی جدید سہولت کی دستیابی سے چترال کے عوام کو تشخیصی معائنے کے لیے پشاور اور دیگر دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، جس سے مریضوں کے وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پیچیدہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج میں بھی مدد ملے گی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب اور تیاری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم اس کا باقاعدہ افتتاح اور عوام کے لیے آغازِ خدمات ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ کے عملے کی خصوصی تربیت مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو محفوظ، معیاری اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تشخیصی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
عوامی حلقوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں پہلی مرتبہ سی ٹی اسکین مشین کی تنصیب کو چترال کے صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
