معروف سماجی شخصیت روزیمن شاہ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کا دورہ، جدید طبی آلات عطیہ کرنے کا اعلان
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال سے تعلق رکھنے والے امریکہ میں مقیم معروف سماجی شخصیت روزیمن شاہ نے اپنی اہلیہ نگہت شاہ اور صاحبزادی افیفہ شاہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال کا دورہ کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیاض علی رومی کی دعوت پر کیے گئے اس دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، ڈائیلاسز یونٹ، ڈینٹل یونٹ، آپریشن تھیٹر اور دیگر وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیاض علی رومی نے انہیں ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور درپیش ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
روزیمن شاہ ماضی میں بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل ہسپتال کو دو ڈائیلاسز مشینیں عطیہ کی تھیں، جو آج بھی گردوں کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔
دورے کے دوران ڈاکٹر فیاض علی رومی کی درخواست پر روزیمن شاہ نے ہسپتال کے لیے مزید جدید طبی آلات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق ہسپتال کو پانچ جدید ڈینٹل چیئرز، دو نئی ڈائیلاسز مشینیں اور آپریشن تھیٹر کے لیے جدید طبی مشینری فراہم کی جائے گی، جس سے مریضوں کو علاج کی مزید بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
روزیمن شاہ، نگہت شاہ اور افیفہ شاہ نے ہسپتال میں حالیہ اصلاحات اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ان کا مشن ہے اور وہ مستقبل میں بھی صحت کے شعبے سمیت فلاحی سرگرمیوں میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیاض علی رومی نے روزیمن شاہ اور ان کے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو بہتر علاج مہیا کرنا ممکن ہو رہا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے روزیمن شاہ کے اس قابل قدر تعاون کو اہلِ چترال کے لیے ایک مثالی اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیگر مخیر حضرات بھی صحت کے شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔



