ایم این اے عبداللطیف کی رہائی کے حق میں بونی میں عوامی جلسہ، فوری رہائی کا مطالبہ
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں رکن قومی اسمبلی عبداللطیف کی رہائی کے مطالبے کے حق میں ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت، کارکنوں اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
جلسے میں ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، ضلع صدر پاکستان تحریک انصاف اپر چترال شہزادہ سکندرالملک، فلک ناز چترالی، عبدالرازق اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔
اس موقع پر شرکاء نے عبداللطیف کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ایک ریلی بھی نکالی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں عوامی نمائندوں کے کردار، جمہوری حقوق اور علاقے کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو عوام کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں نشانہ بنانا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ ایم این اے عبداللطیف کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور انہیں اپنے عوام کی خدمت کا موقع دیا جائے۔
جلسے کے شرکاء نے پرامن انداز میں اپنے جذبات اور مطالبات کا اظہار کیا۔ مقامی مبصرین کے مطابق بونی میں منعقد ہونے والا یہ اجتماع حالیہ برسوں کے بڑے عوامی اجتماعات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس میں اپر چترال کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔

