لوئر چترال میں قدرتی گلیشیئرز سے برف کی کٹائی پر پابندی ختم، ضلعی انتظامیہ کی وضاحت
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلعی انتظامیہ لوئر چترال نے عوامی اطلاع جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ضلع میں قدرتی گلیشیئرز اور برف کی کٹائی، نقل و حمل اور فروخت پر معزز پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، جس کا مقصد قدرتی گلیشیئرز کا تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ حکم کی مقررہ مدت مکمل ہو چکی ہے، لہٰذا عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ندی نالوں اور قدرتی بہاؤ میں موجود برف کے ٹکڑوں کو گھریلو یا عوامی استعمال کے لیے لانے پر فی الوقت کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔
تاہم انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قدرتی گلیشیئرز کی کٹائی، انہیں نقصان پہنچانے یا ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی اور ایسے اقدامات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیات کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بناتے ہوئے قانون کی مکمل پاسداری کریں تاکہ قدرتی گلیشیئرز اور ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھا جا سکے۔
