عیدالاضحیٰ پر خیبرپختونخوا میں ریکارڈ سیاحت، 11 لاکھ 64 ہزار سے زائد سیاحوں کی آمد
۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر خیبرپختونخوا نے ایک بار پھر ملک کے مقبول ترین سیاحتی صوبے کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کر لی۔ صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر 11 لاکھ 64 ہزار سے زائد سیاحوں نے رخ کیا، جس سے مقامی معیشت کو نمایاں فروغ حاصل ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران صوبے کے 13 اضلاع میں سیاحتی سرگرمیاں جاری رہیں جبکہ 220 غیر ملکی سیاحوں نے بھی مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس عرصے میں 8 سے 12 ارب روپے تک کی مقامی معاشی سرگرمیاں ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق سوات، ناران، گلیات، کمراٹ، چترال، شانگلہ اور بونیر سمیت مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی ریکارڈ آمد دیکھنے میں آئی۔ ضم شدہ اضلاع میں بھی پہلی مرتبہ سیاحت نے نئی بلندیوں کو چھوا، جہاں 3 لاکھ 94 ہزار 682 سیاحوں نے مختلف علاقوں کا رخ کیا۔
اسی طرح تاریخی اور آثارِ قدیمہ کے مقامات پر بھی سیاحوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔ مجموعی طور پر 14 ہزار 162 افراد نے تاریخی مقامات کا دورہ کیا، جن میں 54 غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔ تخت بھائی میں سب سے زیادہ 9 ہزار 688 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سیاحتی شعبے سے وابستہ حلقوں کے مطابق پُرامن ماحول، قدرتی حسن، بہتر سہولیات اور حکومتی اقدامات کے باعث خیبرپختونخوا ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی اولین ترجیح بنتا جا رہا ہے، جس سے مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

