شیدی گہریت میں دو کمسن بچیاں دریائے چترال میں ڈوب گئیں، سرچ آپریشن جاری
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال کے علاقے شیدی گہریت میں دو کمسن بچیاں دریائے چترال میں ڈوب گئیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 اور مقامی افراد کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ شام تقریباً 4 بجے کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ دو بچیاں دریائے چترال کے کنارے پاؤں پھسلنے کے باعث دریا میں گر گئی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈوبنے والی بچیوں کی شناخت مسماۃ وحیدہ دختر وکیل (عمر تقریباً 13 سے 14 سال) اور مسماۃ اسینہ دختر اختر (عمر تقریباً 14 سے 15 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے گزشتہ دن شام تک تلاش جاری رکھی، تاہم بچیوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔جبکہ آج دوبارہ تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق بچیوں کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور آپریشن جاری رکھا جائے گا۔
