جماعت اسلامی چترال لوئر کا مہنگائی میں کمی، کرپشن کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان
۔
چترال (نمائندہ) جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر کے زیر اہتمام قتیبہ دنین میں عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین نے کی۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے کارکنوں، ذمہ داران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر منظور کی گئی قرارداد میں حکومت پاکستان پر زور دیا گیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے یا کسی بھی قسم کی سفارتی پذیرائی دینے سے گریز کرے۔
قرارداد میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوامی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
شرکاء نے ضلع چترال میں مختلف محکموں اور ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں آؤٹ سورسنگ اور نجکاری پالیسی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ، شفاف طرز حکمرانی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 15 جون کے بعد کرپشن اور عوامی مسائل کے خلاف ضلع بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کے تحت مظاہروں اور دھرنوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔




