پری شندور پولو ٹورنامنٹ اختتام پذیر، چترال سکاوٹس نے چترال لیویز کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا
۔
چترال( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کے شاہی پولو گراؤنڈ میں کھیلے گئے پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں چترال اسکاؤٹس نے چترال لیویز کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر چیمپیئن شپ اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس کرنل ارسلان عبدالمجید تھے جس نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کے ساتھ مل کر فاتح ٹیم اور بہترین کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
شہزاد احمد شاہ جی نے دو، جبکہ اسرار ولی اور عمران خان نے ایک ایک گول کیاجبکہ چترال لیویز کی طرف سے واحد گول اظہار علی خان نے کیا۔ مین آف دی,ٹورنامنٹ کا اعزاز چترال لیویز کے عرفان علی خان جبکہ مین آف دی میچ اسرار ولی (چترال اسکاؤٹس)کو قرار دیا گیا۔بابائے پولو عمارہ خان لال ایوارڈصوبیدار میجر (ریٹائرڈ) مقبول علی خان نے وصول کی۔ 20 ہزار سے زائد پولو کے شوقین افراد نے فائنل میچ دیکھا۔ اس ٹورنامنٹ میں چترال بھر سے 63ٹیموں نے حصہ لیا جوکہ تین ہفتے تک جاری رہا۔ چترال سکاوٹس کے کھلاڑیوں میں صوبیدار میجر اسرار ولی خان، صوبیدار شہزاد احمد شاہ جی، نائب صوبیدار امیر حمزہ، حوالدار مقصود، حوالدار عمران اور سپاہی آصف حسین شامل تھے جبکہ چترال لیویز کی ٹیم اظہار علی خان، نصر اللہ، فواد رضا، عرفان علی خان، عزیز احمداور اربا ب قلی خان پر مشتمل تھی۔




