پری شندور انڈر 18 پولو ٹورنامنٹ; اپر چترال ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 کے تحت پہلی مرتبہ منعقدہ انڈر 18 پولو چیمپئن شپ کے فائنل میں اپر چترال انڈر 18 بلیو ٹیم نے لوئر چترال کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل سید عمر احمد بخاری تھے جبکہ آئی جی ایف سی میجر جنرل راؤ عمران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اپر چترال ٹیم کے کپتان عبداللہ رضا کو شاندار کارکردگی پر “مین آف دی میچ” قرار دیا گیا، جبکہ لوئر چترال کے معاذ الدین کے گھوڑے نے بہترین گھوڑے کا ایوارڈ حاصل کیا۔
کور کمانڈر پشاور نے فاتح ٹیم کے لیے تین لاکھ روپے، رنر اپ ٹیم کے لیے دو لاکھ روپے جبکہ سیمی فائنل کھیلنے والی دیگر دو ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے تیس، تیس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے مین آف دی میچ عبداللہ رضا کے لیے بہترین نسل کے ایک گھوڑے کا بھی اعلان کیا۔
چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک نے کور کمانڈر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انڈر 18 سطح کا یہ ٹورنامنٹ پہلی مرتبہ منعقد کیا گیا ہے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
واضح رہے کہ کور کمانڈر پشاور کی خصوصی ہدایت پر منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں اپر اور لوئر چترال کی چار ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ شائقینِ پولو نے اس اقدام کو نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم قرار دیا۔



