تحریک مستوج بروغل روڈ کا اہم اجلاس، مستوج بروغل روڈ کی تعمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) تحریک مستوج بروغیل روڈ کابینہ کا ایک اہم اجلاس پونگودور دیزگ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت تحریک کے سرپرستِ اعلیٰ، چیئرمین سندھ بار کونسل اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان صمصم علی خان نے کی۔ اجلاس میں نومنتخب کابینہ نے حلف اٹھایا اور مستوج بروغیل روڈ کی تعمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد سرپرستِ اعلیٰ صمصم علی خان نے نومنتخب صدر محمد وزیر اور جنرل سیکریٹری وزیر پناہ سے حلف لیا، جبکہ صدر محمد وزیر نے دیگر کابینہ اراکین سے حلف لیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مستوج بروغیل روڈ علاقے کی ترقی، عوامی سہولت اور مستقبل کی خوشحالی کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے، جس کی تکمیل کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔ کابینہ اراکین نے تحریک کے ساتھ مکمل وفاداری، اتحاد اور مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی سطح پر سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین اور ایم این اے غزالہ انجم تحریک کے وفد کی وفاقی حکومت سے ملاقات کرائیں گے، جبکہ صوبائی سطح پر ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور صدر پاکستان تحریک انصاف شہزادہ سکندرالملک وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے آئندہ سات دنوں میں ملاقات یقینی بنائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر روڈ منصوبے کے حوالے سے پیش رفت نہ ہوئی تو علاقے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری حکومتِ وقت پر عائد ہوگی۔
اجلاس کے بعد ترجمان تحریک مستوج بروغیل روڈ احمد محمد علی نے جاری بیان میں کہا کہ تحریک عوامی حقوق کے حصول اور بروغیل روڈ کی تعمیر کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔


