گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ہزہائی نس پرنس رحیم آغا خان کی استقبال کیلئے چترال پہنچ گئے، پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں شرکت، ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان
۔
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی چترال پہنچ گئے، چترال ائیرپورٹ پر آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن، سابق صوبائی وزیر سلیم خان ، ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال راو ہاشم عظیم و دیگر سرکاری حکام نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا استقبال کیا. گورنر فیصل کریم کنڈی کی چترال آمد پر مقامی حکام اور عمائدین کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا. چترال پہنچنے پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو روایتی چترالی ٹوپی اور چوغہ پہنایا گیا. گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو پرنس رحیم آغاخان کے آمد سے متعلق سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی گئی.
دورہ چترال کے موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے پولو سیمی فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت بھی کی. گورنر نے فاتح ٹیموں کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیموں کے لیے پچاس، پچاس ہزار روپے انعام کا اعلان کردیا. گورنر نے کہا کہ چترال میں رواں سال گورنر پولو کپ کے انعقاد کریں گے، وزیر اعلیٰ پولو کپ کی بحالی کے لیے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے بات کریں گے، مقامی شائقین نے گورنر اور وزیر اعلیٰ پولو کپ کی بحالی کے اعلان کا خیرمقدم کیا.


