بمبوریت میں سیلاب سے متاثرہ سڑک بحال، ژالہ باری اور سیلاب سے ایک گھر مکمل تباہ
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ضلعی انتظامیہ اور اسپیشل پرپز کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام بمبوریت میں گزشتہ روز سیلاب سے متاثرہ سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔
متعلقہ حکام اور فیلڈ ٹیموں کی بروقت اور مربوط کوششوں کے نتیجے میں سیلابی ملبہ اور دیگر رکاوٹیں فوری طور پر ہٹا دی گئیں، جس سے راستہ جلد اور محفوظ انداز میں دوبارہ کھول دیا گیا۔تاہم اخری اطلاع تک فلحال رمبور ویلی کی سڑک بھی بند ہے ، جہاں سڑک کھولنے کیلئے کے وی ڈی اے کی مشینری لگادی گئی ہے
سڑک کی بحالی سے مقامی آبادی، مسافروں اور سیاحوں کو آمد و رفت میں بڑی سہولت میسر آئی ہے، جبکہ انتظامیہ کی فوری کارروائی کو عوامی حلقوں نے سراہا ہے۔
یادرہے کہ گزشتہ شام بمبوریت میں شدید ژالہ باری اور اچانک آنے والے سیلاب کے باعث بجگی خان ولد رحمت نور سکنہ لشٹ بوخت بمبوریت کا گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ تاہم گھر کے تمام افراد محفوظ رہے۔دریں اثنا ویلی میں کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
علاقے کے عوام نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے ان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

