ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن کا اپر چترال کا دورہ، سیکیورٹی اور پولیس سہولیات کا جائزہ
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ نے جمعہ کے روز اپر چترال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہز ہائینس پرنس رحیم آغا خان کی متوقع آمد کے پیش نظر پرواک مستوج میں سیکیورٹی انتظامات اور پولیس لائنز میں قائم نئی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران آر پی او نے دیدار گاہ پرواک لشٹ مستوج کا معائنہ کیا، جہاں ڈی پی او حمید اللہ نے انہیں سیکیورٹی پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ آر پی او نے معزز مہمان کی آمد کے موقع پر اہلکاروں کی تعیناتی، ناکہ بندی اور دیگر حفاظتی اقدامات کو مؤثر قرار دیتے ہوئے ڈی پی او اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر نے پولیس لائنز اپر چترال کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان اور ڈی پی او حمید اللہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں روایتی چترالی چوغہ اور ٹوپی بھی پہنائی گئی۔
آر پی او نے پولیس لائنز میں قائم نئے ڈرائیونگ اسکول، کانفرنس روم، پولیس سہولت مرکز، ڈی ایس پیز دفاتر و رہائش گاہوں اور زیر تعمیر پولیس میس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی معیار اور پولیس اہلکاروں و عوام کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید سہولیات سے پولیس فورس کی استعداد کار اور عوامی خدمت میں مزید بہتری آئے گی۔


