کیا ہماری معلومات محفوظ ہیں؟ – میری بات/روہیل اکبر
.
پاکستان ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ایک طرف جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سسٹمز اور آن لائن سہولیات کے خواب دکھائے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف عام شہری کے دل میں خوف، بے یقینی اور عدم تحفظ بڑھتا جا رہا ہے۔ آج 22 مئی 2026 کو بجلی کے بلوں پر موجود QR Codes کا معاملہ پورے ملک میں ایک نئی بحث چھیڑ چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر عوام سوال اٹھا رہی ہے کہ کیا یہ واقعی سہولت ہے یا ایک ایسا دروازہ جو شہریوں کی ذاتی معلومات کو خطرے میں ڈال سکتا ہے؟ پاکستان کے لاکھوں شہری پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور اب ایک نیا خوف اُن کے ذہنوں میں داخل ہو چکا ہے لوگ پوچھ رہے ہیں کہ اگر ایک عام شہری صرف اپنا بجلی کا بل دیکھنے یا سبسڈی کی تصدیق کے لیے QR Code Scan کرے اور اُس کی معلومات کسی فراڈیے کے ہاتھ لگ جائیں تو اُس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ یہی سوال آج چائے کے ہوٹلوں سے لے کر دفاتر، بازاروں، گھروں اور سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم تک گونج رہا ہے کہ پاکستان میں پہلے ہی آن لائن فراڈ، جعلی لنکس، بینک اکاؤنٹس کی ہیکنگ اور سوشل میڈیا scams عام ہو چکے ہیں ایسے میں بجلی جیسے حساس نظام میں QR Codes متعارف کرانا بغیر مکمل آگاہی کے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ Facebook پر ہزاروں صارفین یہ لکھ رہے ہیں کہ غریب آدمی کو پہلے بجلی کے بل نے پریشان کیا اب QR Code نے خوفزدہ کر دیا ہے حکومت کو جدید نظام لانے سے پہلے عوام کو مکمل تربیت دینی چاہیے تھی تاکہ لوگ اصلی اور جعلی QR Code میں فرق سمجھ سکیں اگربزرگ شہری،کم پڑھے لکھے مزدور یادیہاتی شخص غلط QR Code scan کر بیٹھے تو اُس کا نقصان کون پورا کرے گا؟ اگر جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ کر دیکھا جائے تو QR Code بذاتِ خود خطرناک نہیں ہے مگر مسئلہ اُس وقت پیدا ہوتا ہے جب فراڈیے جعلی QR Codes بنا کر لوگوں کو trap کرتے ہیں یہی خدشہ آج پورے پاکستان میں بے چینی پیدا کر رہا ہے کیونکہ پاکستان میں سائبر سیکیورٹی ابھی اتنی مضبوط نہیں کہ ہر شہری محفوظ رہ سکے
اس لیے فوری طور پر ایسا نظام بنایا جائے جس میں ہر صارف کو واضح ہدایات دی جائیں، اصل اور جعلی QR Code کی پہچان سکھائی جائے اور عوام کو تحفظ کی ضمانت دی جائے سوشل میڈیا پر نوجوان طبقہ اس معاملے پر شدید بحث کر رہا ہے کچھ لوگ اسے جدید پاکستان کی علامت قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ اسے غریب عوام کے لیے ایک نئی مشکل کہہ رہے ہیں۔ TikTok پر وائرل ویڈیوز میں شہری کہہ رہے ہیں کہ“پہلے بل نے جینا مشکل کیا اب QR Code نے ڈر پیدا کر دیا”ایک صارف نے لکھا کہ“پاکستان میں ہر نئی چیز پہلے عوام پر آزمائی جاتی ہے تحفظ بعد میں دیا جاتا ہے صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس نے بھی سوال اٹھایا کہ اگر حکومت واقعی ڈیجیٹل پاکستان چاہتی ہے تو سب سے پہلے سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنانا ہوگا ورنہ ہر نیا سسٹم عوام میں خوف پیدا کرے گا عوام یہ بھی پوچھ رہی ہے کہ کیا حکومت کے پاس اتنے وسائل موجود ہیں کہ کروڑوں شہریوں کا ڈیٹا مکمل محفوظ رکھا جا سکے؟ اگر کل کسی شہری کا بینک اکاؤنٹ hack ہو جائے اُس کی شناختی معلومات لیک ہو جائیں یا اُس کے موبائل کا ڈیٹا چرا لیا جائے تو کیا اُسے انصاف مل سکے گا؟ یہ معاملہ صرف ایک QR Code کا نہیں بلکہ عوام کے اعتماد کا مسئلہ بن چکا ہے ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کمزور ہوگا تو ہر نیا نظام خوف پیدا کرے گا پاکستان کی عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، بے روزگاری اور معاشی دباؤ سے تھکی ہوئی ہے
ایسے میں اگر ٹیکنالوجی بھی خوف کی علامت بن جائے تو یہ لمحہ فکریہ ہے اس لیے حکومت فوری آگاہی مہم شروع کرے، میڈیا پر واضح پیغامات نشر کیے جائیں، بجلی کے بلوں پر مکمل حفاظتی ہدایات لکھی جائیں اور عوام کو بتایا جائے کہ کون سا QR Code اصلی ہے اور کون سا جعلی اگر یہ اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں آن لائن فراڈ کے کیسز بڑھ سکتے ہیں جبکہ کچھ حلقے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ مخالف عناصر عوام میں خوف پھیلا کر جدید نظام کو ناکام بنانا چاہتے ہیں اُن کا مؤقف ہے کہ QR Codes دنیا بھر میں استعمال ہوتے ہیں اور پاکستان کو بھی جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی مگر اس کے ساتھ مضبوط حفاظتی اقدامات ضروری ہیں سوشل میڈیا پر آج کا سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ کیا پاکستان واقعی محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے یا عوام ایک ایسے نظام میں داخل ہو رہی ہے جہاں سہولت اور خطرہ ساتھ ساتھ چلیں گے؟ آج QR Code صرف ایک چھوٹا سا مربع نشان نہیں بلکہ پورے ملک میں بحث، خوف، غصے اور سوالات کی علامت بن چکا ہے عوام اب صرف بجلی کے بل نہیں دیکھ رہی بلکہ اپنے مستقبل، اپنی پرائیویسی اور اپنی حفاظت کے بارے میں سوچ رہی ہے پاکستان کی گلیوں، بازاروں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور عوامی حلقوں میں ایک ہی سوال گونج رہا ہے کہ کیا ہماری معلومات واقعی محفوظ ہیں؟۔
