اپر و لوئر چترال میں ہزہائی نس پرنس شاہ رحیم الحسینی آغاخان کی متوقع آمد کے سلسلے میں انتظامات مکمل، خصوصی چھٹیوں اور موبائل سروس کی بحالی کا اعلان
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ہزہائی نس پرنس رحیم آغا خان کی چترال آمد کے حوالے سے پرواک مستوج اور گرم چشمہ لوئیر چترال میں انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ، جبکہ ڈاون ڈسٹرکٹس میں مقیم اسماعیلی کمیونٹی کی بڑی تعداد ہزہائی نس کی دیدار کیلئے چترال پہنچ رہی ہے ۔ مختلف ٹرانسپورٹ آڈوں میں انتہائی رش دیکھنے کو مل رہی ہے ، چترال پہنچنے والے مسافروں کے مطابق پشاور اور راولپنڈی اسلام آباد سے ڈبل کرائے پر چترال پہنچ رہے ہیں، ٹرانسپورٹروں کے مطابق چترال سے واپسی پر سواری نہیں ہے لہذا ڈبل کرایہ لینا انکی مجبوری ہے ۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے ہز ہائی نس پرنس شاہ رحیم الحسینی آغاخان کی متوقع تشریف آوری کے موقع پر ضلع اپر چترال میں 23 مئی سے 25 مئی 2026 تک سرکاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تعطیلات کا مقصد دیدار کے سلسلے میں عوام کو سہولت فراہم کرنا اور انتظامی امور کو بہتر انداز میں انجام دینا ہے۔
اسی طرح ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی خصوصی کاوشوں اور مؤثر رابطہ کاری کے نتیجے میں گرم چشمہ وادی میں عارضی موبائل ٹاور بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ دیدار کے موقع پر مقامی آبادی، زائرین اور سیاحوں کو موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں متعلقہ اداروں اور ٹیکنیکل ٹیموں نے مختلف ٹاورز میں پیش آنے والے تکنیکی مسائل کو بروقت حل کرتے ہوئے نیٹ ورک سروسز بحال کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ٹیلی نار کی ٹیکنیکل ٹیم بھی علاقے میں موجود ہے جو سگنل سٹیبلیٹی، بہتر نیٹ ورک کوریج اور بلا تعطل کمیونیکیشن کی فراہمی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دشوار گزار اور دور افتادہ علاقوں میں رابطہ سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ واضح رہے کہ چیلم جوشی تہوار کے دوران بھی مذکورہ موبائل ٹاور وادی کیلاش میں فعال رکھا گیا تھا، جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو بہتر موبائل اور انٹرنیٹ سہولیات میسر رہی تھیں۔

