خیبرپختونخوا حکومت کا جنگلاتی وسائل کی نقل و حمل پر مکمل پابندی کا اعلان، محکمہ جنگلات کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
.
پشاور ( نمائندہ چترا ل ٹائمز ) حکومتِ خیبرپختونخوا کے محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران جنگلاتی وسائل کے تحفظ اور لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے اہم اور بروقت اقدام اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر میں ہر قسم کی لکڑی اور جنگلاتی مصنوعات کی ترسیل، نقل و حمل اور آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت تمام فیلڈ افسران اور اہلکاروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اعلامیہ کے مطابق محکمہ کو موصول ہونے والی مستند خفیہ اطلاعات اور حالیہ عرصے میں ٹمبر مافیا کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے تناظر میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران بعض عناصر غیر قانونی طور پر ٹمبر کی ترسیل اور اسمگلنگ کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے اور جنگلاتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں ہر قسم کی لکڑی اور دیگر جنگلاتی مصنوعات کی نقل و حمل پر مکمل پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ جنگلات کے تمام افسران بشمول ڈویژنل فارسٹ آفیسرز (DFOs)، سب ڈویژنل فارسٹ آفیسرز (SDFOs)، رینج افسران، فارسٹ گارڈز اور دیگر فیلڈ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ اور دیگر سرکاری تعطیلات کے دوران اپنی متعلقہ حدود میں موجود رہیں، مکمل چوکسی اختیار کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔سرکلر میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی افسر یا اہلکار اپنی تعیناتی کے مقام کو متعلقہ مجاز اتھارٹی سے پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر نہیں چھوڑ سکے گا۔ تمام افسران و اہلکاروں کو اپنے موبائل فون چوبیس گھنٹے فعال رکھنے اور ہر وقت رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، خفیہ اطلاع یا قانون شکنی کے واقعے پر فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔
محکمہ کے مطابق جنگلات قومی اثاثہ اور آنے والی نسلوں کی امانت ہیں، جن کا تحفظ ریاست اور معاشرے دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عیدالاضحیٰ کے دوران نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حساس مقامات، جنگلاتی راستوں، چیک پوسٹوں اور بین الاضلاعی گزرگاہوں پر خصوصی نگرانی اور گشت کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے تاکہ لکڑی کی غیر قانونی ترسیل، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی ہر ممکن کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات نے واضح کیا ہے کہ جاری کردہ ہدایات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا احکامات سے انحراف کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومتِ خیبرپختونخوا کی ”زیرو ٹالرنس ٹو کرپشن“ اور ”گڈ گورننس“ پالیسی کے تحت جنگلاتی وسائل کے تحفظ، قدرتی ماحول کے استحکام اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔محکمہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جنگلات کے تحفظ میں اپنا قومی کردار ادا کریں اور لکڑی کی غیر قانونی کٹائی، ترسیل یا اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو فراہم کریں تاکہ صوبے کے قیمتی جنگلات کو محفوظ بنایا جا سکے اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کی اجتماعی کوششوں کو مزید تقویت ملے۔کیوں کہ جنگلات کا تحفظ صرف درختوں کی حفاظت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل، ماحولیاتی استحکام اور قومی خوشحالی کی ضمانت ہے۔
