محکمہ موسمیات نے بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا
.
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز) محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 18 مئی کی رات ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 23 مئی تک بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیرِ اثر خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، پنجاب اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے جن اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ان میں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، باجوڑ، خیبر، کرم، وزیرستان، بنوں اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے تیز بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی حفاظت یقینی بنائیں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
