ڈی ایس ایس اساتذہ کے جائز مطالبات فوری تسلیم کیا جائے۔ صدر آل ڈی ایس ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن اپر چترال
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) آل ڈی ایس ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن اپر چترال کے صدر قادر علی خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سالوں سے انتہائی لگن کے ساتھ فرائض سرانجام دینے والے ڈی ایس ایس اساتذہ کے جائز مطالبات فوری تسلیم کرے۔ایک پریس بیان میں قادر علی خان کا کہنا تھا کہ ان اساتذہ کی انتھک محنت نے حکومتی ساکھ کو بہتر بنایا ہے، لیکن اس وقت وہ ان گنت مسائل کا شکار ہیں۔ اگر ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو اس سے ان کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوگی۔ انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی بروقت عدم ادائیگی ان مظلوم اساتذہ کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ بن چکا ہے، اور حکومت کی جانب سے انہیں مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم نے ان کے ساتھ وعدہ کرنے کے بعد بھی کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ڈی ایس ایس سسٹم اس حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔
