مستوج؛ ہزہائی نس پرنس رحیم الحسینی آغاخان کی آمد کے حوالے سے انتظامات اخری مراحل میں داخل، ضلعی سربراہان اور ونگ کمانڈر کا دورہ دیدار گاہ ، تیاریوں کا جائزہ لیا گیا
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اسماعیلی کمیونٹی کی روحانی پیشوا ہزہائی نس پرنس شاہ رحیم الحسینی آغاخان کی اپر چترال آمد اور متوقع دیدار کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان، کمانڈر 144 ونگ مستوج لیفٹیننٹ کرنل طاہر اسلم اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال حمید اللہ نے مشترکہ طور پر دیدار گاہ پرواک لشٹ مستوج کا تفصیلی دورہ کیا جہاں تیاریوں کا عمل اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
دورے کا مقصد ہز ہائی نس پرنس شاہ رحیم الحسینی آغاخان کی رواں ماہ کے آخری عشرے میں متوقع تشریف آوری کے پیش نظر جاری انتظامات، سہولیات اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر صدر اسماعیلی کونسل امتیاز عالم، جماعتی عہدیداران، والنٹیئرز اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔
صدر اسماعیلی کونسل نے دیدار گاہ میں قائم مختلف سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے گرین ہاؤس، مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے قائم کئیر سنٹر، باتھ رومز، کنٹرول روم، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، مرکزی داخلی راستوں اور دیگر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ تمام انتظامات اور سہولیات کا معائنہ کیا اور اب تک کیے گئے اقدامات پر اسماعیلی کونسل کے منتظمین اور والنٹیئرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے اس اہم موقع کو کامیاب اور پرامن بنانے کے لیے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال، کمانڈنگ آفیسر 144 ونگ مستوج اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اپر چترال، 144 ونگمستوج اور مقامی پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون، فول پروف سکیورٹی اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہز ہائی نس پرنس شاہ رحیم الحسینی آغاخان ریاست کے معزز مہمان ہیں اور ان کی تشریف آوری کے موقع پر بہترین انتظامات، مؤثر سکیورٹی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے تاکہ یہ اہم موقع خوش اسلوبی اور کامیابی کے ساتھ منعقد ہو سکے۔
ونگ کمانڈر نے اسماعیلی کمیونٹی اور مقامی انتظامیہ کے باہمی تعاون کو سراہا اور علاقے میں امن، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت اجاگر کی۔




