گزشتہ روز آنے والی شدید آندھی اور طوفان کے دوران سول ڈیفنس اپر چترال کے رضاکاروں کا کردار مثالی رہا، عوامی حلقوں کی طرف سے پزیرائی
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال میں گزشتہ روز آنے والی شدید آندھی اور طوفان کے دوران سول ڈیفنس اپر چترال کے رضاکاروں نے مثالی کردار ادا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی بھرپور مدد کی، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام آنے والی تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں نے موڑکہو کے مختلف علاقوں، بالخصوص سہت موڑکہو میں تباہی مچا دی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات، دکانوں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث کئی گھروں کی چھتوں کی چادریں اڑ گئیں جبکہ بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان پیش نہیں آیا۔
اس مشکل صورتحال میں سول ڈیفنس اپر چترال کے چیف ایگزیکٹیو رحمت علی کی قیادت میں رضاکار نوجوان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ رضاکاروں نے منہدم گھروں کی چادریں اور ملبہ ہٹانے، گرے ہوئے درختوں اور بجلی کی تاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے سمیت متاثرین کی ہر ممکن مدد کی۔
ذرائع کے مطابق آندھی اور طوفان کے نتیجے میں گاؤں سہت میں کم از کم چھ رہائشی مکانات اور دو دکانوں کو نقصان پہنچا۔ سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعاون کا اظہار کرتے ہوئے رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔
علاقے کے عوام نے سول ڈیفنس اپر چترال کے نوجوانوں کی بروقت امدادی کارروائیوں اور خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں رضاکاروں کی موجودگی متاثرین کے لیے حوصلے کا باعث بنی۔
یادرہے کہ گزشتہ شام اپرچترال کے مختلف علاقوں میں اچانک تیزاور طوفانی ہواوں کے زد میں اکر متعدد گھروں کے جستی چاردریں اُڑنے کے ساتھ درختوں کو بھی نقصان پہنچا ، یہ طوفانی ہواوں نے موڑکہو کے مختلف علاقوں کے ساتھ بونی میں بھی لوگوں کو متاثر کیا ۔

