جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کے زیر اہتمام شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، اسماعیلیہ کونسل کی جانب سے ملغون صابر سلیم کے خلاف منظور کی گئی مذمتی قرارداد اور درج ایف آئی آرکو سراہا گیا
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کے زیر اہتمام اتالیق پل پر شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اس موقع پر امیر جے یو آئی لوئر چترال مولانا عبد الرحمن نے اسماعیلیہ کونسل کی جانب سے ملغون صابر سلیم کے خلاف منظور کی گئی مذمتی قرارداد اور درج ایف آئی آر کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بیٹھے شرپسند عناصر چترال اور گلگت کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام ایسے عناصر کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہر قسم کی فرقہ واریت اور انتشار کے خلاف متحد ہیں۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جے یو آئی مولانا عبدالشکور، مولانا عبدالرحمن قریشی، قاری نسیم، فضل الرحمن، الحاج عیدالحسین، مولانا اسرارالدین الہلال اور سابق امیر اپر چترال مولانا فتح الباری سمیت دیگر مقررین نے مولانا محمد ادریس کی شہادت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ علماء کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے اور ایسے واقعات کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی، جبکہ علمائے کرام نے ہمیشہ امن، رواداری اور عوامی فلاح کی بات کی ہے۔

