لوئر چترال میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، دروشپ میں غیرقانونی عمارت مسمار
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ضلع لوئر چترال میں تجاوزات کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال محمد ضیاء الدین کی زیر نگرانی تحصیل لٹکوہ کے علاقے گرم چشمہ، مقام دروشپ میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کامیاب آپریشن کیا گیا۔
اس اہم کارروائی کے دوران دروشپ میں مچھلیوں کے لیے قائم کی گئی ایک عمارت کو بھی تجاوزات میں شامل قرار دے کر مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا، جس سے یہ واضح پیغام دیا گیا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کسی بھی غیر قانونی تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آپریشن کے موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خود موقع پر موجود رہے اور تمام کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔ جبکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لٹکوہ گرم چشمہ تھانہ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ لیویز فورس کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ احمد عیسیٰ اور ایس ایچ او تھانہ لٹکوہ امتیاز احمد لال اپنے جوانوں کے ہمراہ موقع پر موجود رہے اور نہایت پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دیے۔ پولیس فورس کی بروقت موجودگی، نظم و ضبط اور عوامی تحفظ کے لیے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی یہ کارروائی عوامی مفاد، قانون کی بالادستی اور سرکاری املاک کے تحفظ کی روشن مثال ہے۔ اسی طرح انتظامیہ کی عملی اقدامات کو بھی عوامی حلقوں میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
محمد یونس یمگانی کی رپورٹ کے مطابق علاقہ گرم چشمہ کے چھ ویلج کونسلز کے نو منتخب چیئرمینان نے بھی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ عوامی نمائندوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے سے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں، ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی اور خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
عوامی حلقوں نے خیبر پختونخوا حکومت، ضلعی انتظامیہ، پولیس فورس اور منتخب نمائندوں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسی جذبے کے ساتھ علاقے میں قانون کی حکمرانی، ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔


