جمعیت علمائے اسلام چترال لوئر کے انتخابات مکمل، مولانا عبد الرحمن ضلعی امیر جبکہ عبد المجید جنرل سیکریٹری منتخب ، انتخابات کی نگرانی صوبائی امیر مولانا عطا الرحمن نے کی
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) جمعیت علمائے اسلام ضلع چترال لوئر کے اندرونی انتخابات مدرسہ تحفیظ القرآن دنین میں خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئے، جس میں کارکنوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے جمہوری عمل کو کامیاب بنایا۔
انتخابات میں امارت کے لیے دو جبکہ ناظمِ عمومی کے لیے چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ مجموعی طور پر 491 مجلسِ عمومی کے اراکین نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا، جو جماعت کے اندر جمہوری روایت اور شعور کی عکاسی کرتا ہے۔
امارت کے انتخاب میں مولانا عبدالرحمن نے 273 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے مدمقابل مولانا عبدالشکور نے 218 ووٹ حاصل کیے۔ اس طرح مولانا عبدالرحمن ضلع چترال لوئر کے امیر منتخب قرار پائے۔
ناظمِ عمومی کے لیے عبدالمجید نے 166 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ دیگر امیدواروں میں حافظ انعام میمن نے 163، مولانا محمد الیاس نے 96 جبکہ قاضی نسیم نے 66 ووٹ حاصل کیے۔
اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن اور دیگر صوبائی قائدین نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے نو منتخب امیر اور ناظمِ عمومی سے حلف لیا، جس سے انتخابی عمل کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ ہوا۔

